طالبان رہنماؤں کا وفد چین کے بعد ایران پہنچ گیا

Spread the love

تہران : طالبان رہنماؤں کا وفد دورہ چین کے بعد ایران پہنچ گیا اس موقع پر افغانستان میں قیام امن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق طالبان رہنماؤں نے چین کے دورے سے واپسی پر ایران کا بھی دورہ کیا جہاں تہران میں ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے۔ افغان میڈیا نے طالبان ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ مذاکرات کی کوششیں ناکام ہوگئیں تو تحریک طالبان علاقائی قوتوں کی مدد حاصل کرے گی۔

اگرچہ طالبان ذرائع نے وفد کے دورہ ایران کا دعویٰ کیا ہے تاہم ایران نے سرکاری طور پراس کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ قطر میں طالبان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران دورے کے دوران ایرانی حکام اور طالبان رہنماﺅں کے درمیان افغانستان میں قیام امن پر بات چیت کی گئی ہے۔

دوسری جانب ایرانی سفیر محمد رضا بہرامی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ حکومت میں طالبان کی شمولیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران یہ نہیں کہتا کہ پوری حکومت طالبان کے حوالے کردی جائے مگر ہمارا موقف یہ ہے کہ افغانستان میں قائم حکومتی ڈھانچے میں طالبان کو حصہ ملنا چاہیے۔

واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری طرف ایران پر طالبان کی عسکری سرگرمیوں میں معاونت کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں