جنوبی افریقا کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف

Spread the love

برمنگھم: ورلڈکپ کے 25 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دے دیا۔   

برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

دونوں ٹیموں کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے آمنے سامنے ہونا تھا لیکن گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث میچ تاخیر کا شکار  ہوگیا تھا جس کے بعد میچ کو 49 اوورز تک محدود کیا گیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے کیا جو کہ مایوس کن رہا اور ابتداء میں ہی ڈی کوک 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

پروٹیز کے کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 23 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ 111 رنز کے مجموعی اسکور پر ہاشم آملہ 55 رنز بناکر بولڈ ہوئے۔ 

اہم وکٹیں گنوانے کے بعد ڈیوسن، مارکرام اور ملر نے بلیک کیپس کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی تاہم مقررہ 49 اوورز میں پروٹیز 6 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بناسکے۔ 

پروٹیز کی جانب سے ڈیوسن 67 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ ہاشم آملہ 55، مارکرام 38 اور ملر 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فیروگسن نے 3، ٹرینٹ بولٹ، گرینڈ ہوم اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ایونٹ میں اب تک نیوزی لینڈ نے 4 میچز کھیلے جن میں 3 میں کامیابی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ جنوبی افریقی ٹیم نے اب تک 5 میچز کھیلے جس میں سے 3 میں ناکامی ایک میں کامیابی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ 

پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور جنوبی افریقی ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں