امریکی پشت پناہی : بھارتی آرمی چیف کی سوچ کو چھوٹا اور نادان بنا دیا ، دفترخارجہ

پاکستان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان ان کی پست ذہن کی عکاسی کرتا ہے جس نے پورے بھارت کو جکڑا ہوا ہے بھارتی فوجی سربراہ کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور دھمکیوں سے لبریز ہے ایسے معاملات کو آسان نہیں لینا چاہیے۔
بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ پاکستان کی جوہری صلاحیت کو ایک فریب قرار دینے کے لیے تیار ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ غلط اندازوں کی بنیاد پر کسی مہم جوئی سے پرہیز کرنا چاہیے پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہمہ وقت مکمل طور پر تیار ہے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان کی جوہری صلاحیت سے متعلق بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جنرل کا بیان جوہری تصادم کو دعوت دینے کے مترادف ہے اور بھارتی آرمی چیف کا بیان کی یہی خواہش ہے تو ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ ہمارے عزم کو آزما کر دیکھ لیں، انشاء اللہ بھارتی جنرل کا شک و شبہ جلد دور ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں