وبائی امراض کنٹرول کرنے میں اہم ترین عالمی ایوارڈ پاکستان کے نام

قومی ادارہ صحت، اسلام آباد ، پاکستان کو وبائی امراض کے کنٹرول اور ایمرجنسی رسپانس کے شعبے میں بہترین کردار ادا کرنے پر ڈائریکٹرز ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ، فیلڈ ایپیڈیمیالوجی ٹریننگ پروگرام کی بین الاقوامی کانفرنس 2021، میں دیا گیا ۔
ڈائریکٹرز ایوارڈ برائے ایکسی لینس ان ممالک کے لئے ایک اعلی کامیابی تصور کیا جاتا ہے جو پبلک ہیلتھ کو بہتر کرنے اور وبائی امراض کی روک تھام کے لئے بر سر پیکار ہیں ۔ یہ ایوارڈ ایپیڈیمیالوجی ریسرچ میں مہارت اورصحت عامہ کے مسائل کو حل کرنے کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر عامر اکرام کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا میں 82فیلڈ ایپیڈیمیالوجی ٹریننگ پروگرام کام کر رہے ہیں اور یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ان میں سے پاکستان کے ٹریننگ پروگرام کو ایک بہترین پروگرام تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے پروگرام کےٹیم ممبران کی زبردست کارکردگی کی تعریف کی اوراس کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔
قومی ادارہ صحت کا فیلڈ ایپیڈیمیالوجی ٹریننگ پروگرام، وبائی امرض کی بروقت تشخیص اور ان سے نمٹنے کے لئے موثر نگرانی کا نظام قائم کرنے کے لئے نہ صرف تمام صوبوں کے ساتھ کام کر رہا ہے بلکہ اس حوالے سے صوبوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے رہنمائی بھی فراہم کر رہا ہے اور طب کے شعبے میں اس پروگرام کی سائنسی تحقیقات بیماریوں کے کنٹرول میں بہت معاون ثابت ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں