پی ایس ایل سکس: اسلام آباد یونائٹڈ کو لاہور قلندرز کو 144 رنز کا حدف

ابوظبی میں جاری پاکستان سپر لیگ 6 ( پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ابوظبی میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی  جس پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں  9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔

یونائیٹڈ کی ٹیم کی اننگز کا آغاز  متاثر کن نہ ہوسکا اور یکے بعد دیگرے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔

یونائیٹڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز فہیم اشرف نے بنائے جنہوں نے 24 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ عثمان خواجہ نے 18، حسن علی اور حسین طلعت نے 14،14افتخاراحمد نے  12 اور کولن منرو نے 11 رنزبنائے۔

لاہورقلندرز کی جانب سے جیمزفاکنر نے 32 رنزدے کر3 وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ احمد دانیال اور حارث رؤف نے دو،دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا جب کہ شاہین آفریدی اور راشدخان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان شاداب خان ، حسین طلعت ، افتخاراحمد ،آصف علی اور فہیم اشرف، عثمان خواجہ ، کولن منرو ، فواداحمد ، روحیل نذیر، حسن علی اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔

 لاہور قلندرز  کی ٹیم میں کپتان سہیل اختر ، فخرزمان ،محمد حفیظ ، محمد فیضان، احمد دانیال،شاہین آفریدی ، حارث رؤف ، بین ڈنک ، راشد خان ، جیمز فولکنر اور ٹم ڈیوڈ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں