گزشتہ سال ذہین طلبہ کو بھی سی گریڈ دینا پڑے، اس سال بغیر امتحان پرموٹ نہیں کریں گے، شفقت محمود

سوشل میڈیا پر طلباء و طالبات کی جانب سے مسلسل یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حکومت بچوں کو بغیر امتحانات کے اگلی جماعت میں پرموٹ کر دے

حکومت کی جانب سے وقتی طور پر گھٹنے ٹیکتے ہوئے امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا لیکن ساتھ ہی ساتھ وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام طلبہ پر واضح کر دیا ہے کہ اب انھیں اگلی جماعت میں جانے کیلئے امتحانات دینا پڑیں گے،

انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم کی جانب سے کسی کو بھی مفت میں گریڈز نہیں دیئے جائیں گے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جانب سے پوری کوشش کی جائے گی کہ جو طلبہ امتحانات میں بیٹھیں انھیں اگلی جماعتوں میں ایڈمیشن دے دیا جائے
۔
اس موقع پر شفقت محمود نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ہونہار بچوں کی محنت کو ضائع کر دیا جائے اس لئے یہ بات طلبہ کو جان لینی چاہیے کہ اب انھیں امتحان دینے کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا۔

صحافی کی جانب سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کسی کو اس بات کا علم نہیں کہ عالمی وبا کب تک رہے گی، اس بارے کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔

تاہم بچوں کی تعلیم سے جڑے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ طلبہ کو اگلی کلاسوں میں داخلہ مل جائے اور ان کا سال ضائع نہ ہو۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے واضح کیا کہ تعلیم کے معاملے پر جو بھی فیصلے لئے جاتے ہیں، وہ اجتماعی طور پر ہوتے ہیں، میرا اکیلے کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہوتا، میرے سمیت تمام صوبائی وزرا بھی ایسے اجلاسوں میں شریک ہوتے ہیں اور تمام کی مشاورت سے ہی مشترکہ فیصلہ لیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال یہ مسئلہ سامنے آیا تھا کہ اچھے لائق بچوں کو بھی ہمیں سی گریڈ میں پاس کرنا پڑا تھا، گریڈ سسٹم میں گھپلوں کی وجہ سے طلبہ صحیح گریڈ حاصل ہی نہیں کر پائے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں