کورونا کی بدترین صورتحال: بھارتی کرکٹ بورڈ کا ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ یو اے منتقل کرنے پر غور

بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے اشارہ دیا کہ کرونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر اب ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹ بورڈ کے حکام نے کہا کہ ’اگر کرونا کی صورت حال بہتر نہیں ہوتی تو وہ مجبوراً متحدہ عرب امارات میں ایونٹ منتقل کردیں گے اور سیریز اُس وقت تک نہیں کھیلی جائے گی جب تک صورت حال معمول پر نہ آجائے‘۔

بی سی سی آئی کے جنرل مینیجر دھیراج ملہوترا نے کہا کہ ’ہم نے موجودہ صورت حال پر نظر رکھی ہوئی ہے، میں ٹورنامنٹ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہا ہوں، ہوسکتا ہے کہ ایونٹ کو دوسرے مقام پر منتقل کردیا جائے‘۔

انہوں نے دوسرے مقام سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے میچز اگر بھارت میں نہ ہوسکے تو یہ متحدہ عرب امارات میں ہوں گے مگر اس کا حتمی فیصلہ بی سی سی آئی کو ہی کرنا ہے‘۔

واضح رہے کہ بھارت میں کرونا کی بدترین صورت حال کے باوجود انڈین پریمیئر لیگ کے میچز جاری ہیں۔ اب تک بھارت میں کرونا سے دو لاکھ شہری مرچکے جبکہ گزشتہ ایک ہفتے سے یومیہ تین لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کا انعقاد رواں سال اکتوبر اور نومبر میں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں