کرن کھیر بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا

بھارتی اداکار انوپم کھیر کی اہلیہ اداکارہ کرن کھیر بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہوگئیں اور وہ بھارتی شہر ممبئی میں زیرعلاج ہیں۔

کرن کھیر اداکاری کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی پیش پیش ہیں اور بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی چندی گڑھ رکن پارلیمنٹ ہیں۔

انوپم کھیر نے ٹوئٹر پر اپنی اہلیہ اداکارہ کرن کھیر کے بلڈ کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ کرن کھیرکا علاج جاری ہے ۔

بی جے پی کے ریاستی صدر ارون سوڈ کے مطابق 11 نومبر کے دن کرن کھیر کے بائیں ہاتھ میں فریکچر ہوا تھا جس کے علاج کے دوران ہی انہیں اس بیماری کے بارے میں معلوم ہوا۔

ارون سوڈ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں بیماری کا پتہ لگنے کے بعد ، کرن کھیر اپنے علاج کے لیے 4 دسمبر کو ممبئی گئی تھی۔

انہوں نے اس کے بارے میں مزید بتایا کہ کرن کھیر کی صحت یابی میں تین سے چار ماہ لگیں گے۔

کرن کھیر اب تک کئی کامیاب فلموں میں کام کر چکی ہیں جن میں منگل پانڈے ، رنگ دے بسنتی ، ویر زارا ، دیوداس ، میں ہوں نا ، دوستانہ ، کبھی الویدہ نا کہنا، فنا اور ٹوٹل سیاپا جیسی متعدد فلمیں شامل ہیں ۔

اس کے علاوہ انہوں نے کئی ٹیلی ویژن شوز میں بھی کام کیا۔

بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والی کرن کھیر نے 2009 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور الیکشن میں پارٹی کے لئے انتخابی مہم چلائی تھی۔ اس کے بعد ، 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں ، بی جے پی نے انہیں چندی گڑھ سیٹ سے امیدوار بنایا اور وہ پہلی بار پارلیمنٹ پہنچیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں