حکومت نے کونسے 18 محکموں کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا؟

وفاقی حکومت نے 18 محکموں کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  وفاقی حکومت  کی جانب سے 18 محکموں کی تنخواہوں میں 25 فیصد مجوزہ اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا  گیا ہے۔

اس فیصلے پر عملدرآمد سے تقریبا  3 لاکھ 25 ہزار سے زائد ملازمین کی تنخواہوں میں اعلان کردہ 25 فی صد اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسٹرا الاؤنسز لینے والے محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان صدر، وزیراعظم  سیکریٹریٹ ،سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کے علاوہ شعبہ صحت، ایف بی آر ، موٹروے پولیس،اعلیٰ عدلیہ ،نیب ،وفاقی پولیس ، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس،انٹیلی جنس بیورو،آئی ایس آئی اور ایف آئی اے  کے ملازمین  کی بھی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ  پارلیمانی افیئر ڈویژن ،لاء اینڈ جسٹس کمیشن  اور اسلام آباد ماڈل پولیس کے ملازمین کی تنخواہوں میں  بھی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے  کے معاملے  پر وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا  اجلاس  آج طلب کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں