معروف مصنف، شاعر و ڈراما ساز اب ٹاک شو کی میزبانی کریں گے

مصنف، شاعر و ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر جنہیں گزشتہ برس خواتین سے متعلق متنازع بیانات کی وجہ سے تنقید کا سامنا رہا اب ٹاک شو کی میزبانی کریں گے۔

خلیل الرحمٰن قمر پاکستان کے نامور ڈراما نگاروں میں شامل ہیں جن کے لکھے ہوئے اکثر ڈرامے بہت زیادہ مقبول ہوئے۔

‘بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ’ کی کہانی سے مقبول ہونے والے خلیل الرحمٰن قمر کے ان کے ڈراموں میں ‘لنڈا بازار’، ‘صدقے تمہارے’، ‘میرا نام یوسف ہے’، ‘لال عشق’، ‘ذرا یاد کر’، ‘پیارے افضل’ سمیت دیگر شامل ہیں۔

گزشتہ برس ان کے ڈرامے ‘میرے پاس تم ہو’ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے تھے۔

علاوہ ازیں انہوں نے فلم ‘پنجاب نہیں جاؤں گی’ کی کہانی لکھی جبکہ ‘کاف کنگنا’ کی ہدایات بھی دی تھی۔

گزشتہ برس انہیں سماجی مسائل اور خصوصی طور پر خواتین کے معاملات میں سخت لہجے میں بات کرنے پر متعدد مرتبہ تنقید کا سامنا بھی رہا۔

اور اب وہ جلد نجی چینل پبلک نیوز پر سیاسی ٹاک شو کی میربانی کریں گے جو جلد نشر ہوگا۔

پبلک نیوز کی جانب سے ٹاک شو کا پرومو بھی جاری کیا گیا ہے جس میں خلیل الرحمٰن قمر موجود ہیں۔

پرومو میں وہ کہہ رہے ہیں کہ’ پبلک پوچھتی ہے جہاں سوچ بریانی کی پلیٹ اور ایمان گھی کے ڈبے پر بک جاتا ہو، وہاں جمہوریت سچ مچ انتقام ہوتی ہے یا جمہوریت ہم سے انتقام لے رہی ہوتی ہے’۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ ‘آپ کہتے ہو سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی تو پبلک پوچھتی ہے تو سیاست کیا جھوٹ کانام ہے؟’۔

یہ ٹاک شو جلد شروع ہوگا لیکن خلیل الرحمٰن قمر اور نیوز چینل کی جانب سے شو کے آن ایئر ہونے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں