مہوش حیات کی سالگرہ پر مداح کو پیغام، سوشل میڈیا پر چرچے

پاکستان کی معروف اور خوبصورت اداکارہ مہوش حیات 33 سال کی ہوگئیں۔اس موقع پر انہوں نے ایک طویل پیغام بھی جاری کیا جسے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بےحد پسند کیا جا رہا ہے اور مداح اس پر اپنی رائے بھی دے رہے ہیں۔

مہوش حیات نے اپنی سالگرہ کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرتے ہوئے پیغام میں لکھا کہ سوشل میڈیا بہت ہی زبردست چیز ہے لیکن کچھ لوگوں نے اسے دوسروں پر تنقید اور برا بھلا کہنے کے لئے لائسنس کے طور پر لے لیا ہے۔ جبکہ کچھ لوگ اس کے ذریعے غلط خبریں پھیلاتے ہیں۔ وکی پیڈیا پر میری دکھائی جانے والی عمر صحیح نہیں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ آئیے ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں، ہمارے ہاں ایک دوسرے کو نیچے گرانے کا رواج ہے۔ اگر ہمیں بحیثیت قوم کامیاب ہونا ہے تو اس چیز کو روکنا ہوگا۔

مہوش حیات نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ دوسروں کی طرح میں بھی اپنے جاگنے کے زیادہ تر وقت کے دوران فون ہی استعمال کرتی رہتی ہوں۔ یہ ہمیں دنیا کے ساتھ جوڑتا اور منقطع کرتا ہے۔ ہمیں آج اور ابھی میں رہنے کی ضرورت ہے۔ زندگی میں بہت کچھ ہے اگر ہم اس کی تعریف کریں۔

اداکارہ نے لکھا کہ آئیں ہم معاشرے کو اپنی زندگی ان کے مطابق کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔ مجھے احساس ہوگیا ہے کہ لڑکی کے لئے ممکن ہے کہ وہ 30سال یا اس سے تھوڑی زیادہ کی عمر میں بھی بغیر شادی اور بچوں کے خوش رہ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہمیں اپنی سوچ کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری سوچ دھندلی ہے۔ ہم میں خواہشات کا فقدان ہے، ہم خود کو کمتر سمجھتے ہیں اور ہم اپنی ہی حدود سے آگے نہیں سوچتے۔ دنیا کو بتانے کا وقت ہے کہ ہم اصل میں کون ہیں۔

مہوش حیات کا کہنا ہے کہ میری والدہ نے ہمیشہ سکھایا کہ ہمیں اپنی تقدیر خود بنانی چاہیے۔ میں خواب دیکھنے کی ہمت کروں گی اور بڑے خواب دیکھنے کی ہمت کروں گی، کیونکہ سب کچھ ممکن ہے۔

مہوش حیات کے پیغام اور انکی تصویر کو اب تک ہزاروں لوگ پسند کر چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں