پاکستان مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت و عوام کے ساتھ ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج آذربائیجان کے وزیر خارجہ جے ہون بائرموف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نےکہا کہ پاکستان کو نگورنو کاراباخ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش ہے، آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر بھاری گولہ باری قابلِ مذمت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت و عوام کے ساتھ ہے۔


وزیر خارجہ نے کہا کہ ‏ہم نگورنو کاراباخ کے حوالے سے آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان انسانی بنیادوں پر اعلان کردہ جنگ بندی امن و استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے حالیہ تنازع میں پاکستان کی طرف سے بھرپور حمایت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزرا خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کیا۔

گفتگو کے دوران وزیر خارجہ نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں