سینئر فاسٹ بولر نے ریٹارمنٹ کا اعلان کر دیا

پاکستان کے فاسٹ بالر عمر گل نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے 47 ٹیسٹ، 130 ون ڈے اور 60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے۔

36 سال کی عمر میں کرکٹ کو الوداع کہنے والے عمر گل نے قومی ٹی ٹوئنٹی میں آخری بار بلوچستان کی نمائندگی کی۔ عمر گل کو میچ کے اختتام پر بلوچستان اور پنجاب کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

میچ کے بعد گفتگو کے دوران ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر گل کئی بار آبدیدہ ہوئے اور اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتے تھے لیکن ایک دن سب نے جانا ہے ، یہ ایک مرحلہ ہے جس سے سب کو گزرنا ہوتا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ٹویٹر پر عمر گل نے پیغام میں لکھا کہ بہت سوچ سمجھ کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔ ہمیشہ پاکستان کے لئے دل سے کھیلا اور اپنی100 فیصد کارکردگی دی۔ کرکٹ ہمیشہ سے میری محبت اور جنون ہے اور رہے گا۔

عمر گل نے پیغام کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ، کوچز اور اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران ساتھ رہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

فاسٹ بالر نے خصوصی طور پر میڈیا اور اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے عمر گل کے شاندار کرکٹ کیریئر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

عمر گل نے 47 ٹیسٹ میچوں میں 163 ، 130 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 179 اور 60 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 85 وکٹس حاصل کی ہیں۔

عمر گل نے پاکستان کے لئے ٹیسٹ ڈیبیو بنگلادیش کےخلاف اگست2003 میں کیا تھا جبکہ انہوں نے پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ زمبابوے کے خلاف اپریل 2003 میں کھیلا تھا۔

عمر گل نے پاکستان کے لئے پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ کینیا کے خلاف ستمبر2007 میں کھیلا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں