افغانستان میں خوفناک حادثہ، متعدد افراد ہلاک

کابل: افغانستان میں دوران پرواز دو ہیلی کاپٹرز کے آپس میں ٹکرانے سے 8 افراد ہلاک ہوگئے، افغان فورسز نے ہیلی کاپٹرز کے حادثے میں‌ تباہ ہونے کی تصدیق کردی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان فورسز کے ہیلی کاپٹرز میں تصادم کا یہ خوفناک حادثہ ہلمند صوبے میں پیش آیا، حکومت نے واقعے سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں البتہ افغان فورسز نے ہیلی کاپٹرز کے ٹکرانے کی تصدیق کردی ہے، حادثے میں مزید اموات کا بھی خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق دیگر ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثہ ہلمند کے ضلع ناوا میں پیش آیا اور ہلاکتیں 15 کے قریب ہوئی ہیں جن میں فورسز کے اہلکاروں سمیت ممکنہ طور پر عام افراد بھی شامل ہیں۔

ہلمند حکومت کے ترجمان عمر زواک نے بھی حادثے کی تصدیق کردی ہے لیکن تفصیلات تاحال سامنے نہیں لائی گئیں، واقعے کے بعد ریسکیو عملہ اور دیگر قانونی نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

حادثے کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ ہلاک افراد کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں