پی ٹی وی اسپورٹس اور پی سی بی کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان ٹیلی وژن اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان تین سالہ معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدے سے پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے۔

سال 2023 تک جاری معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی 20 کپ ہوگا، 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پروڈکشن پی سی بی اور براڈ کاسٹنگ پی ٹی وی کرے گا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی براڈ کاسٹنگ ڈیل ہے۔

انھوں نے کہا 3 سالہ معاہدے سے پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے، پی سی بی 3 سال میں قومی مینز اور ویمنز کرکٹ کے فروغ پر 15 ارب روپے خرچ کرے گا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ یہ رقم اعلیٰ کارکردگی مراکز میں سابق کرکٹرز کے روزگار کے لیے بھی خرچ ہوگی۔

5 ستمبر کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سربراہ بھارت، آسٹریلیا یا انگلینڈ سے نہیں ہونا چاہیے یہ تین ملک سیاست میں ملوث ہیں۔

احسان مانی نے آئی سی سی کی ممالک کو فنڈز کی تقسیم پر بھی تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ اس پر نظر ثانی کی جائے۔ واضح رہے کہ کرکٹ کے عالمی نگراں ادارے کے کئی ممبران نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا چیئرمین بنانے کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں