بہاولپور: معروف عالم دین کی زرعی اراضی پر جرائم پیشہ گروہ نے قبضہ کر لیا

بہاولپور: جرائم پیشہ اور بلیک میلنگ میں ملوث بدنام زمانہ گروہ نے بہاولپور کے ممتاز و جید عالم دین اور شہر کی معروف سماجی شخصیت الشیخ عبدالطیف کے ڈیری فارم اور زرعی زمین پر قبضہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے ٹھیکے پر لی گئی زمین خالی کرنے کے مطالبہ پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔

ذرائع نے بتایا کہ الشیخ عبدالطیف نے اعلیٰ حکام سے اپنی زمین پر سے غیر قانونی قبضہ چھڑانے اور قتل کی دھمکیاں دینے والے عناصر کے خلاف کاروائی کی اپیل کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ بلیک میلنگ ، قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کے حوالہ سے معروف ہے اور گروہ کے سرغنہ سلیم و دیگر کے خلاف تھانہ سول لائن اور دیگر پولیس تھانوں میں پہلے سے کئی مقدمات بھی درج ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وسیم ولد شریف نے تین سال قبل کراچی شفٹ ہونے والے الشیخ عبدالطیف کی ایک ایکڑ زرعی زمین ٹھیکے پر لی اور ڈیری فارم پر موجود جانور خریدے تھے، اس موقع پر وسیم نے خریدے گئے جانور متبادل زمین کا بندوبست ہونے تک عارضی طور پر اسی ڈیری فارم پر رکھنے کی اجازت مانگی تاہم بعد ازاں اس نے یہ ڈیری فارم اپنے بہنوئی سہیل ناصرجو کہ بلیک میلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ سلیم کا کارخاص ہے، اسے دے دیا جو اسے خالی کرنے کیلئے ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ممتاز عالم دین الشیخ عبدالطیف نے اس سلسلہ میں پولیس کے اعلیٰ حکام کو درخواست بھی دی ہے جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ کراچی سے واپس بہاولپور آنے کے بعد انہوں نے سہیل ناصراور شاہین اختر جن کا اس وقت ڈیری فارم پر قبضہ ہے، ان سے ڈیری فارم اور ٹھیکے پر لی گئی زمین خالی کرنے کا کہا لیکن کچھ عرصہ تک ٹال مٹول سے کام لینے والے عناصر نے اب زمین کا قبضہ دینے سے ہی انکار کر دیا ہے جبکہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ کا سرغنہ سلیم، سہیل ناصر اور شاہین اختر نامی خاتون پولیس کو جھوٹی درخواست دے کران کی کردار کشی اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ الشیخ عبدالطیف نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سے ان کے ڈیری فارم اور زمین کا قبضہ چھڑایا جائے۔ شہر کی سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات نے بھی بلیک میلنگ میں ملوث گروہ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں