عاصم اظہر کا سوشل میڈیا پر پیغام، ہانیہ نے تعلق پر اپنی خاموشی توڑ دی

ہانیہ عامر کے بعد اب پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے بھی اپنے اور ہانیہ کے تعلقات پر خاموشی توڑ دی ہے اور اِس ضمن میں اُنہوں نے سوشل میڈیا پر ایک طویل پیغام جاری کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ ا نسٹاگرام پر عاصم اظہر نے اپنے نئے آنے والے گانے ’سونیا‘ کی ایک جھلک شیئر کی جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک طویل پیغام بھی لکھا، گلوکار نے اپنی زندگی کی مشکلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’شروعات سے ہی میری زندگی کا سفر آسان نہیں رہا اور مجھے بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن یہاں میں آپ سب کا شکرگزار ہوں کہ آپ سب نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔‘

عاصم اظہر نے کہا کہ ’اُن تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس مشکل سفر میں میری مدد کی، میرا ساتھ دیا، مجھے ایک بہترین گلوکار کی فہرست میں شامل کیا اور میرے گانوں کا پسند کیا۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’میں اپنے گانے ’تُم تُم‘ کو ملنے والی شہرت کے لیے بھی آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ چند ہی دنوں میں میرے گانے کو 5 ملین ویوز مل چکے ہیں جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میرا گانا ابھی بھی یوٹیوب پر ٹرینڈنگ پر ہے اور میں اس گانے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی مزاحیہ میمز کا بھی حصہ بنا رہا لیکن بعض اوقات آپ لوگ حد سے زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔‘یہ بھی دیکھئے: عاصم اظہر سے تعلق پر ہانیہ عامر نے خاموشی توڑ دی

اُنہوں نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ میں اپنے کام کی وجہ سے ٹرینڈنگ پر رہوں لیکن آپ لوگ منفی انداز میں میمز کا حصہ بناتے ہیں، الحمداللّہ میں جہاں بھی ہوں بہت خوش اور مطمئن ہوں، میں خود کو ایک اچھا بیٹا، ایک اچھا دوست اور ایک اچھا انسان بنانے کی کوشش کررہا ہوں تاکہ زندگی کے تمام چیلنجز کا سامنا کرسکوں۔‘

عاصم اظہر نے اپنے اور ہانیہ عامر کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ’جیسا کہ ہانیہ نے کہا کہ ہمارا تعلق اتنا مضبوط ہے کہ جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اور یہ ہم دونوں کے لیے ایک لیبل سے بڑھ کر ہے۔‘

گلوکار نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’تو آپ سب آرام سے بیٹھو اور ہر جگہ محلّے کی پھپھو نہیں بنتے ہیں۔‘

اُنہوں نے ہانیہ عامر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہانیہ ایک انتہائی خوبصورت شخصیت کی مالک ہے جس نے مجھے پیار کرنا اور پیار بانٹنا سیکھایا ہے، اِسی لیے ہمارا تعلق ہمیشہ مضبوط رہے گا اورجیسا کے میں نے کہا کہ ہمارا تعلق ایک لیبل سے بڑھ کر ہے۔‘

آخر میں عاصم اظہر نے اپنے نئے آنے والے گانے کے حوالے سے کہا کہ ’میں نے اِس پوسٹ کی شروعات میں کہا تھا کہ میں اپنے کام کے ذریعے بات کرنا چاہتا ہوں تو یہ میرے نئے گانے ’سونیا‘ کی ایک جھلک ہے جو کہ 23 جولائی کو جاری کیا جائے گا۔‘

واضح رہے کہ اِس سے قبل اداکارہ ہانیہ عامر نے گلوکار عاصم اظہر سے تعلقات پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ساتھ نہیں ہیں اور نہ ہی ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے ہیں، عاصم صرف ایک اچھا دوست ہے۔

ہانیہ کے اس انکشاف کے بعد سے دونوں کے بریک اپ کی خبر سے متعلق سوشل میڈیا پر تبصرے ہورہے تھے جس کے بعد ہانیہ نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ عاصم میری زندگی کا ایک خوبصورت حصہ ہے، ہم دونوں کے تعلق جتنا گہرا اور مضبوط ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔

گلوکارہ آئمہ بیگ کے لائیو سیشن میں ہانیہ کے اس انکشاف نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا تھا کیونکہ دونوں کے تعلقات سے متعلق خبریں زبان زدعام تھیں اور متعدد پروجیکٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس میں دونوں ساتھ بھی دکھائی دیتے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں