تاجروں کی ہڑتال چکن 500روپے کلو تک فروخت

مرغی گوشت کی سرکاری قیمت 270 روپے تھی،شہریوں سے 350سے 500روپے کلو تک وصول کئے گئے ،انتظامیہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرے :خریدار مہنگا مال خریدکر سستا نہیں بیچ سکتے ،عید کے بعد ہڑتال کی دھمکی،:صدربرائلرٹریڈرز ، فارمرز کو بلیک میل کرنے کیلئے ہڑتال کی گئی :چیئرمین فارمرز ایسوسی ایشن

عید الفطر قریب آتے ہی برائلرٹریڈرز ایسوسی ایشن نے قیمتوں کے حوالے سے تحفظات پر جزوی ہڑتال کر دی ،ٹولنٹن مارکیٹ جیل روڈ میں چکن گوشت سرکاری قیمت 270 کے بجائے 350 سے 500 روپے تک فروخت کیا گیا۔تاہم شام کے اوقات میں ہڑتال موخر کردی۔ برائلر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر طارق جاوید کی کال پر گزشتہ روز برائلر گوشت کے تاجروں کی جزوی ہڑتال رہی، ـ ٹولنٹن مارکیٹ میں آدھی دکانیں بند جبکہ دیگر پرکاروبار جاری رہاـ۔ برائلر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی جانب سے برائلرز سپلائرز کی گاڑیوں سے مال اتارنے کے بجائے انہیں مارکیٹ کے باہر پارک کردیا گیا۔مارکیٹ میں چکن خریداری کیلئے آنیوالے صارفین نے کہا دکاندار 350سے 500روپے کلو تک وصول کر رہے ہیں، انتظامیہ منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرے ۔برائلرٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر طارق جاوید کا کہنا تھا زندہ برائلر کے ہول سیل سرکاری نرخ 176روپے کلو ہیں لیکن ہمیں 190روپے کلو فروخت کی جارہی ہے ہم مہنگا مال خریدکر کسی صورت سستا فروخت نہیں کر سکتے ۔ برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سردار تبسم کا کہنا تھا ٹریڈرز کی ہڑتال ناکام ہوچکی ہے ، برائلر فارمرز کو بلیک میل کرنے کیلئے ہڑتال کی گئی ،حکومت برائلر کی قیمتیں فکسڈ کرنے کے بجائے طلب و رسد کے مطابق طے کرے ۔برائلرٹریڈرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال موخر کرتے ہوئے کہا مطالبات نہ مانے گئے تو عید کے بعد ہفتہ بھر ہڑتال کریں گے اور ہائیکورٹ میں حکومت کے خلاف رٹ بھی دائر کریں گے ـ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں