پی آئی اے کی پرواز کراچی میں حادثے کا شکار، سو سے زائد جاں بحق

لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے چند سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں سو سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 303 نے دوپہر 2 بجکر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

اطلاعات ہیں کہ جہاز میں 91 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے، حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریب کی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ، پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

متاثرہ علاقے کو فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد نے گھیرے میں لے لیا ہے، طیارہ حادثے کے باعث متصل علاقے کی بجلی معطل ہو گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق پاکستان آرمی کی کوئیک ری ایکشن فورس اور پاکستان رینجرز سندھ کے دستے جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں جو سول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں