دلیر ارتغل ڈرامہ: اُردو ڈبنگ میں ارطغرل اور حلیمہ سلطان کی آواز کس کی؟

اسلامی فتوحات پر مبنی شہر آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ نے جہاں دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ لیے ہیں تو سامعین یہ جاننے میں بھی بڑی دلچسپی رکھتے ہیں کہ ’ارطغرل غازی‘ میں اُن کے دو پسندیدہ کردار ’ارطغرل‘ اور ’حلیمہ سلطان‘ کی اُردو میں آواز کس کی ہے۔

اِسی حوالے سے پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کے چیف مارکیٹنگ اینڈ اسٹریٹیجی آفیسر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ارطغرل، حلیمہ سلطان اور ڈرامے کے دیگر کرداروں کی اُردو ڈبنگ کے لیے سرکاری ٹی وی نے ایک تفصیلی اور طویل فیصلے کے بعد نجی ڈبنگ ایجنسی کا انتخاب کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ وائس اوور آرٹسٹوں کے انتخاب کی ذمہ داری نجی ڈبنگ ایجنسی کو دی گئی تھی جبکہ اُس کا حتمی فیصلہ پی ٹی وی کو آرٹسٹوں کی صلاحیت دیکھ کر کرنا تھا کہ کونسا آرٹسٹ کس کردار کی اُردو میں ڈبنگ کرے گا۔

پی ٹی وی کے چیف مارکیٹنگ اینڈ اسٹریٹیجی آفیسر نے بتایا کہ آرٹسٹوں کی صلاحیت دیکھ کر فیصلہ یہ کیا گیا کہ ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘ کو اُردو ڈب ’احتصام الحق‘ کریں گے جبکہ ’حلیمہ سلطان‘ کو اُردو زبان میں ڈب ’کرن راجپوت‘ کریں گی۔

اُردو ڈبنگ میں ارطغرل اور حلیمہ سلطان کی آواز کے پیچھے کون؟

اُنہوں نے بتایا کہ یہ تمام وائس اوور آرٹسٹ ’ارطغرل غازی‘ کے پانچویں سیزن تک اِسی طرح اُردو ڈبنگ جاری رکھیں گے۔

پی ٹی وی کے چیف مارکیٹنگ اینڈ اسٹریٹیجی آفیسر نے سرکاری ٹی وی پر تُرک سیریز نشر کرنے کے حوالے سے بتایا کہ ’اسلامی تاریخ پر مبنی ’دیرلیش ارطغرل‘ کو اُردو زبان میں ڈب کرنا وزیراعظم عمران خان کا خیال تھا، وہ چاہتے تھے کہ پاکستان کی نوجوان نسل یہ سیریز دیکھے تاکہ اسلامی اقدار اور تاریخ کے بارے میں اُن کے علم میں مزید اضافہ ہوسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ’دیرلیش ارطغرل‘ کی مقبولیت دیکھنے کے بعد ہم تُرکی کے سرکاری ٹی وی ’ٹی آر ٹی‘ کے ساتھ مزید کام کرنے کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ شہرہ آفاق ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل ‘دُنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑنے کے بعد اب پاکستان میں بھی نئے ریکارڈز قائم کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے اُردو زبان میں نشر کی جانے والی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘نے پاکستانیوں کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں